حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر) گورنمنٹ ریٹائرڈ ٹیچرز ایسوسی ایشن سندھ کے مرکزی صدر ضمیر خان نے اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ بزرگ ریٹائرڈ اساتذہ کی دو ماہ کی رکی ہوئی پینشن اور دیگر بقایاجات فوری ادا کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں اور ہر ماہ ملنے والی پینشن کی ادائیگی میں رکاوٹ بننے والے ضلعی اکاؤنٹ آفیسر (پینشنرز) کے خلاف کارروائی کی جائے بصورت دیگر یکم اکتوبر کو ضلعی اکاؤنٹ آفیس حیدرآباد کے خلاف اکاؤنٹس آفس پر دھرنا دیا جائے گا جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ خزانہ سندھ پر عائد ہوگی، یہ بات انہوں نے گورنمنث ریٹائرڈ ٹیچرز ایسوسی ایشن ضلع حیدرآباد کی ورکنگ کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی،اجلاس کی صدارت ضلعی صدر سیف اللہ خاصخیلی نے کی جس میں تمام تعلقوں کے صدور اور جنرل سیکرٹریز اور جوائنٹ سیکرٹری نگہت عباس بھی موجود تھے انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ ہزاروں پینشنرز شدید ذہنی اذیت اور پریشانی میں مبتلا ہیں کیونکہ پینشن ہمارا جائز حق ہے جس سے ہمارے گھر چلتے ہیں لیکن ضلعی اکاؤنٹس آفیس کے متعلقہ حکام مختلف بہانوں سے پینشنرز سے رشوت طلب کررہے ہیں اور بغیر رشوت کے ادائیگی نہیں کررہے ہیں اور یقین دہانی کے باوجود ماہ گزشتہ دو ماہ کی پینشن ادا نہیں کی گئی جبکہ سندھ کے دیگر اضلاع میں بغیر کسی رکاوٹ کے پینشن ادا کردی گئی ہے جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ جان بوجھ کر ضلع حیدرآباد کے پینشنرز کو تنگ کیا جارہا ہے اس سلسلے میں اکاؤنٹنٹ جنرل سندھ کو بھی خط ارسال کردیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ذاتی طور پر پینشنرز کے مسئلے کو حل کرائیں تاکہ پینشنرز میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کیا جاسکے۔