ڈھرکی: گھوٹکی کیلیے ایک ارب 17 کروڑ سے زائد کا بجٹ منظور

71

ڈھرکی (نمائندہ جسارت) چیئرمین ضلع کونسل ضلع گھوٹکی بنگل خان مہر کی زیر صدارت مالی سال 25-2024 کا بجٹ اجلاس منعقد کیا گیا جس میں ایک ارب 17 کروڑ 23 لاکھ کا بجٹ پیش کیا گیا جسے اتفاق رائے سے منظور کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین ضلع کونسل ضلع گھوٹکی بنگل خان مہر کی زیر صدارت ضلع کونسل ہال میرپور ماتھیلو میں مالی سال 25-2024 کا بجٹ اجلاس منعقد ہوا جس میں وائس چیئرمین بابر خان لنڈ سمیت ضلع کونسل کے تمام ممبران اور متعلقہ شعبہ جات کے افسران نے شرکت کی۔ بجٹ اجلاس میں چیئرمین ضلع کونسل کی منظوری سے ضلع گھوٹکی کی تعمیر و ترقی اور عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایک ارب 17 کروڑ 23 لاکھ کا بجٹ پیش کیا گیا جسے بجٹ اجلاس میں موجود تمام ممبران نے مکمل اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔ سال 2024 اور 2025 کے لیے منظور بجٹ میں ملازمین کی تنخواہوں اور پنشنروں کی پنشن کے لیے 54 کروڑ 66 لاکھ مختص کیے گئے ہیں اور ترقیاتی کاموں کی مد میں 45 کروڑ اور پرانی چلنے والی ترقیاتی اسکیموں کے لیے بھی 57 لاکھ رکھے گئے ہیں، اسی طرح غیر ترقیاتی کاموں جیسے امداد، اسکالر شپ، ہنگامی صورتحال اور پیٹرول کی مد میں 24 کروڑ 38 لاکھ مختص کیے گئے ہیں جبکہ مرمت اور دیکھ بھال کے لیے 14 کروڑ رکھے گئے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین ضلع کونسل بنگل خان مہر نے کہا کہ تمام ممبران کے تعاون سے ہم عوام کے مسائل حل کریں گے اور ہم م وسائل رکھنے کے باوجود بھی کوشش کر رہے ہیں کہ زیادہ سے زیادہ ترقیاتی کام پایہ تکمیل تک پہنچا کر ضلع کی عوام کو خاطر خواہ اور بر وقت ریلیف پہنچائیں۔