کارکن ڈور ٹو ڈور جا کر عوام کو ممبر بنا رہے ہیں، جماعت اسلامی

78

 

فیصل آباد (جسارت نیوز) ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر جماعت اسلامی کی ممبرشپ مہم پورے زوروشور کے ساتھ جاری ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکن ڈور ٹو ڈور جا کر عوام کو جماعت اسلامی کا ممبر بنا رہے ہیں، گزشتہ روز سوساں روڈ، مدینہ ٹائون، مدن پورہ چوک، سمن آباد اور دیگر علاقوں میں کارکنوں نے ممبر شپ کیمپ لگائے اور ایپ کے ذریعے عام لوگوں کو رجسٹرڈ کرکے جماعت اسلامی کا ممبر بنایا۔ کیمپوں کے دورے کے موقع پر کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ نے کہا کہ جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس پاکستانی کے لیے کھلے ہیں جو عوام کے حقوق اور ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا چاہتا ہے، جماعت اسلامی اس وقت پورے ملک کی نمائندگی کر رہی ہے، کوئی دوسری جماعت عوام کے مسائل آواز نہیں اُٹھا رہی، جماعت اسلامی کی عوامی پزیرائی بڑھ رہی ہے، ان شاء اللہ آنے والے وقت میں جماعت اسلامی ملک کی سب سے بڑی پارٹی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے پاس منظم تنظیم اور مخلص ٹیم موجود ہے جس کا دامن ہر قسم کی کرپشن سے پاک ہے، جماعت اسلامی نے پاکستان میں اسلامی نظام کے نفاذکی جدوجہداور اس کی نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کی طویل تاریخ رقم کی ہے۔