سکھر (نمائندہ جسارت) چیئرمین ضلع کونسل سید کمیل حیدر شاہ نے سکھر میں آئی بی اے یونیورسٹی میں سی ایس ایس کوچنگ سینٹر کا افتتاح کیا، دیگر مہمانوں میں کمشنر سکھر ڈویژن فیاض حسین عباسی ٍوائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف احمد شیخ، ڈی آئی جی سکھر پیر محمد شاہ، ای ڈی سی ون سکھر، چیمبر آف کامرس، سی ایس ایس امتحان کی تیاری کرنے والے طالبعلموں، سول سوسائٹی اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع کونسل کے چیئرمین کمیل حیدر شاہ نے کہا کہ سی ایس ایس کی تیاری کرنے والے طلباء میں سے ایک بھی پاس ہو جائے تو یہ ہماری محنت پوری ہوئی اور اس کے اخراجات ضلع کونسل کے بجٹ سے ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو مزید سہولیات فراہم کرنے کے لیے ائر ایمبولینس کا انتظام کیا گیا ہے، اگر ہم میں سے ہر ایک آدمی ایک بچے کے اخراجات اُٹھائے تو ہماری تعلیم اور بھی بہتر ہو سکتی ہے جس سے غریب اور یتیم بچے بھی تعلیم حاصل کر سکتے ہیں، ہماری کوشش ہے کہ جس طرح عام لوگوں کو صحت کی سہولیات میسر ہوں، اسی طرح تعلیم کی سہولیات میسر ہو۔ اس موقع پر وائس چانسلر نے کہا کہ سی ایس ایس کی تیاری میں 723 فارم موصول ہوئے جس میں 616 طلبہ نے ٹیسٹ دیا جن میں سے 291 پاس ہوئے۔