لاڑکانہ: سنی تحریک کی میلاد النبیؐ کے سلسلے میں عظیم الشان ریلی

30

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سنی تحریک کی جانب سے جشن میلاد النبیؐ کے سلسلے میں جامع مسجد سادات ریشم گلی سے عظیم الشان ریلی نکالی گئی جو مختلف سڑکوں سے ہوتی ہوئی جناح باغ چوک پہنچی۔ اس موقع پر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پی ایس ٹی سندھ کے سینئر صوبائی رہنما مولانا علی نواز قاسمی، ڈویژنل جنرل سیکرٹری شمس الدین سروہی، مولوی مدد علی قادری، مولانا ریاض چانڈیو، قمر الدین عطاری، حافظ امام الدین قاسمی اور دیگر نے کہا کہ میلاد مصطفی منانا امن کا گہوارہ ہے، اللہ کی رحمت ہی اسلام کا جوہر ہے جو امن، سلامتی اور محبت کو عام اور نفرتوں کا خاتمہ کرتا ہے، جبکہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم جن کے لیے اللہ نے اس کائنات کو تخلیق فرمایا، دونوں جہانوں کے حاکم کی آمد، اس دنیا سے ظلم و جہالت کا خاتمہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ سنی تحریک ہر سال کی طرح 12 ربیع الاول کو لاڑکانہ میں جشن میلاد النبیؐ عقیدت و احترام سے منانے کے لیے عظیم الشان ریلی کا انعقاد کرے گی، جس کے لیے ضلعی انتظامیہ، لاڑکانہ پولیس سے درخواست کرتے ہیں۔ اعلیٰ حکام، سیپکو حکام اور میئر شہر میں صفائی ستھرائی، لائٹنگ کے مناسب انتظامات کرنے کے ساتھ ساتھ سیکورٹی کے انتظامات کرکے بجلی کی بحالی یقینی بنائیں۔