حکومت کا عافیہ صدیقی کی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی کیلیے الگ درخواست دائر کرنے کا فیصلہ

279

اسلام آباد:وفاقی حکومت نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمدردی کی بنیاد پر رہائی کے لیے الگ درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کے اقوام متحدہ کے دورے کے موقع پر ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے کو امریکی حکام کے سامنے اٹھایا جائے گا، اس سلسلے میں ہمدردی کی بنیاد پر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے الگ سے درخواست دائر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے دائر ان کی بہن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی درخواست پر ہونے والی گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ اٹارنی جنرل پاکستان عدالت میں پیش ہوئے اور یقین دہانی کروائی کہ وفاقی حکومت کو ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کی اپیل پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

حکم نامے کے مطابق اٹارنی جنرل نے آگاہ کیا کہ حکومت کے پاس کوئی وجہ نہیں کہ وہ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے لیے وکیل کی جانب سے تیار کی گئی ہمدردانہ بنیادوں پر رہائی کی اپیل کے ساتھ نہ کھڑی ہو۔

عدالت نے کہا ہے کہ اٹارنی جنرل کے مطابق حکومت  الگ سے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے لیے  رحم کی اپیل دائر کرے گی، اٹارنی جنرل کے مطابق اقوام متحدہ اجلاس کے موقع پر بھی امریکی حکومت سے بات کی جائے گی۔

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے مطابق امریکا سے قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے پر بھرپور کام ہو رہا ہے اور قیدیوں کے تبادلے کے معاہدے کے حوالے سے 3 ہفتوں کا وقت درکار ہے۔

عدالت نے ہدایت کی ہے کہ کیس 18 اکتوبر 2024 کو دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کیا جائے۔