عمران خان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج

39

 

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر حکومت اور ریاستی اداروں کے خلاف متنازع پوسٹ کے بعد بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف بغاوت پر اکسانے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ جس کو 1138/24 کا نمبر دیا گیا جبکہ یہ 13 ستمبر کو درج کیا گیا ہے۔ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کی 4 رکنی ٹیم جمعہ کوشام 7 بج کر 45 منٹ پر اڈیالہ جیل پوچھ گچھ کے لیے پہنچی جہاں ڈپٹی سپریڈینڈنٹ کے ذریعے بانی پی ٹی آئی کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا گیا تاہم انہوں نے وکلا سے مشاورت کا کہہ کر شامل تفتیش ہونے سے انکار کردیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ 4رکنی تفتیشی ٹیم ہفتے کی صبح دوبارہ تفتیش کے لیے اڈیالہ جیل جائے گی اور بانی پی ٹی آئی سے بغاوت کے پیغامات اور انہیں آگے پھیلانے میں ملوث ساتھیوں کے حوالے سے پوچھ گچھ بھی کرے گی۔