علی گنڈاپور کا بیان:صحافیوں نے پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کردیا

104
will not compromise

اسلام آباد:وزیراعلیٰ پختونخوا علی ا مین گنڈاپور کے صحافیوں سے متعلق بیان پر پی ٹی آئی کی آج کی پریس کانفرنس کا صحافیوں نے بائیکاٹ کردیا۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں کے پی ہاؤس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں شبلی فراز، سلمان اکرم راجا اور رؤف حسن نے پریس کانفرنس کا اہتمام کیا، تاہم صحافیوں کی جانب سے بائیکاٹ کرتے ہوئے کوریج سے انکار کردیا گیا۔

صحافیوں نے کہا کہ ہمارے نمائندوں (رپورٹرز) کی تصاویر کے ساتھ ٹرینڈ چلائے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا پر ہم سے متعلق نازیبا الفاظ کا استعمال کیا جا رہا ہے، جس سے صحافیوں کو نقصان پہنچنے کے خطرات ہیں۔

اس موقع پر سلمان اکرم راجا نے صحافیوں کو کہا کہ علی امین گنڈا پور اس معاملے پر آپ کو وضاحت دیں گے، علی امین گنڈاپور کا بیان بانی پی ٹی آئی کے علم میں لایا جا چکا ہے، جس پر صحافیوں کی جانب سے وضاحت آنے تک پی ٹی آئی کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔