سرجیکل مصنوعات کے لیے سیالکوٹ پہچان بن چکا ہے

85

کراچی ( کامرس رپورٹر ) سرجیکل ایسوسی ایشن پاکستان سیالکوٹ کے رہنما جہانگیر باجوہ نے کہا ہے کہ سرجیکل کی مصنوعات سیالکوٹ کی پہچان ہیں ،یہاں کے ہنر مندوں کے ہنر کی وجہ سے جرمنی سمیت یورپ اور مڈل ایسٹ کے ہسپتالوں میں سیالکوٹ کے بنے سرجری کے آلات استعمال ہوتے ہیں۔انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا پاکستانی سرجیکل آلات کی خریداری میں پہلے اور یورپ دوسرے نمبر پرہے جہاں جرمنی سرفہرست ہے، برطانیہ تیسرے اور چین اس مد میں چوتھے نمبر پر ہے۔ا ن کا کہنا تھا کہ 2 سال قبل چین پاکستان سے سرجیکل آلات خریدنے میں 17 ویں نمبر پر تھا لیکن اس وقت وہاں چونکہ رجسٹریشن کا عمل بہت آسان ہے اور اس کے لیے حکومت کی فیس بھی نہیں جس کے باعث اب ہمارے سرجیکل آلات کا سب سے بڑا خریدار چین بنتا جا رہا ہے ،وہ اب چوتھے نمبر پر آ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بنے سرجیکل آلات بین الاقوامی معیار پر پورے اترتے ہیں۔