حکومت نے اپنی پالیسی پر نظرثانی نہ کی تو ملک بڑے حادثے سے دو چار ہوجائے گا‘ شاہ محمود

69

لاہور (نمائندہ جسارت) پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لے، اگر اپنی پالیسی پر نظر ثانی نہ کی تو ملک بڑے حادثے سے دوچار ہوجائے گا، یہ حکومت آئین قانون اور عدالتی فیصلوں میں رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔ لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں الیکشن ہونے جا رہے ہیں کشمیری جب اس طرف دیکھتے ہیں وہ پاکستان سے مایوس ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مستقبل میں کچھ نظر نہیں آرہا۔ آئینی پیکج کی بات ہو رہی جو عدلیہ کے لیے سوالیہ نشان بن جائے گا۔ عوامی نمائندوں کو اسمبلی کے اندر سے اغوا کیا گیا، ہمارے 10 ایم این اے قومی اسمبلی کے اندر سے اغوا کیا گیا جو قابل مذمت ہے۔شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خورشید شاہ اور اسپیکر ایاز صادق نے تقدس ایوان سے متعلق جو گفتگو کی وہ قابل تحسین ہے، اسپیکر نے ہمارے ایم این ایز کے پروڈکشن آرڈر جاری کیے اور وہ پیش ہو کر اپنے اغوا کا احوال بتائیں گے۔