چین گزشتہ برس برآمدات میں امریکا کو پچھاڑ کر سرفہرست رہا

95

بیجنگ (انٹرنیشنل ڈیسک) چین عالمی برآمدات میں امریکا کو پچھاڑ کر سرفہرست آگیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق چین کی صنعتی اضافی قدر 2023 ء میں 30کھرب 99ارب یوآن پر آ گئی جو 1952 ء میںمحض 12 ارب یوآن تھی۔ اس عرصہ میں مستقل قیمتوں پر اوسط سالانہ شرح نمو 10.5 فیصد رہی۔ چین نے برآمدی مصنوعات کے ڈھانچے کو مسلسل بہتر بنایا ہے اور ہائی ٹیک اور ہائی ویلیو ایڈڈ اجناس کی مارکیٹ میں بین الاقوامی مسابقت کو بہت بہتر کیا ہے۔ 2023 ء میں مشینی اور برقی مصنوعات چین کی کل برآمدات کا 58.5 فیصد رہیں جن میں 52لاکھ گاڑیاں برآمد کی گئیں ۔ اس طرح چین پہلی بار دنیا کا سب سے بڑا آٹوموبائل برآمد کنندہ بنا۔عالمی بینک کے اعداد و شمار کے مطابق چین اور امریکا کے درمیان کئی برس سے مسابقت جاری ہے۔