اسلام آباد:صدر مملکت آصف زرداری کا کہنا ہے کہ بلیو اکانومی پر توجہ دینا پاکستان کی ترقیاتی حکمت عملی کا اہم جزو ہے کیونکہ پاکستان خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت ماہی گیری اور شپ بریکنگ کے شعبوں کو جدید بنانے کا خواہاں ہے۔
انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن (آئی ایم او) کے پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سیکرٹری جنرل ارسینیو انتونیو ڈومنگیز ویلاسکو سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہاکہ سمندری آلودگی پاکستان کے لیے باعثِ تشویش امر ہے کیونکہ یہ آبی حیات کو منفی طور پر متاثر کررہی ہے اور اس سے ماہی گیری کے شعبے کی نمو میں کمی ہورہی ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے لیے پاکستان نے سندھ میں ایک ملین ایکڑ پر مینگرووز لگائے ہیں، عالمی مارکیٹ میں کاربن کریڈٹ فروخت کیے ہیں جبکہ مزید 20 لاکھ ایکڑ اراضی پر مینگرووز لگانے کے منصوبے جاری ہیں۔