بھارت کو امریکا سے 15 ارب روپے کے آبدوز شکن ہتھیار ملیں گے

137

واشنگٹن:امریکا نے بھارت کو 14 ارب 68 کروڑ روپے مالیت کے آبدوز شکن ہتھیار فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ بائیڈن انتظامیہ نے اس سودے کی منظوری دے دی ہے۔ کانگریس کے پاس اس معاہدے پر نظرِثانی کے لیے 30 دن کا وقت ہے۔ اُس کی طرف سے رسمی حتمی منظوری دیے جانے کے بعد یہ ہتھیار بھارت کو فراہم کرنے کا سلسلہ شروع ہوجائے گا۔

امریکا کی طرف سے بھارت کو دیے جانے والے آبدوز شکن ہتھیار دراصل اعلیٰ درجے اور غیر معمولی قوت کے سینسرز ہیں جن کی مدد سے بھارتی بحریہ اپنے پانیوں میں کسی بھی اجنبی آبدوز یا کسی اور واٹر کرافٹ کی موجودگی کا بروقت پتا لگانے کے قابل ہوجائے گی اور یوں اُس کی دفاعی صلاحیت بہتر ہو جائے گی۔

امریکی وزیرِ خارجہ انٹونی بلنکن نے بھارت کو جدید ترین آبدوز شکن ہتھیار فراہم کرنے کے 5 کروڑ 28 لاکھ ڈالر مالیت کے معاہدے کی منظوری 23 اگست کو دی تھی۔ اس معاہدے کو دفاع کے شعبے میں دوطرفہ اشتراکِ عمل اور تعاون کو غیر معمولی قرار دیا جارہا ہے۔

امریکی ڈیفینس کوآپریشن سیکیورٹی ایجنسی نے باضابطہ نوٹیفکیشن کے ذریعے سے سینیٹ کی امورِ خارجہ کمیٹی کو بتایا کہ بھارتی بحریہ کے لیے امریکا کی طرف سے فراہم کیے جانے والے جدید ترین سونوبوئز یعنی اعلیٰ درجے کے سینسرز کو اپنے اسلحہ خانے کا حصہ بنانے میں کسی بھی طرح کی دشواری کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔