190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: عمران خان کی درخواست بریت مسترد

188

راولپنڈی: احتساب عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی درخواست بریت مسترد کر دی۔

احتساب عدالت کے جج ناصر جاوید رانہ نے اڈیالہ جیل میں ریفرنس کی سماعت کی، عمران خان اور بشریٰ بی بی بھی کمرہ عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت بانی پی ٹی آئی کے وکیل ظہیر عباس نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیب ترامیم فیصلے کے بعد یہ کیس بنتا ہی نہیں، نیب ترامیم کی روشنی میں کابینہ کے فیصلوں کو تحفظ حاصل ہے، عمران خان نے براہ راست کوئی مالی فوائد حاصل نہیں کیے۔

نیب پراسیکیوشن ٹیم کی جانب سے بریت کی درخواست کی مخالفت کی گئی اور موقف اپنایا گیا کہ عمران خان نے کابینہ کو مِس گائیڈ کیا ہے، کابینہ کے سامنے 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق اصل حقائق کو چھپایا گیا ہے۔

بعد ازاں عدالت نے وکلا صفائی کو نیب تفتیشی افسر پر جرح کرنے کا حکم لگاتے ہوئے سماعت کل بروز (جمعہ) تک ملتوی کردی۔