سکھر: اہم شاہراہوں پر طویل ٹریفک جام معمول بن گیا

83

سکھر (نمائندہ جسارت) شہر میں ٹریفک جام کا مسئلہ حل نہ ہو سکا، شہر کی اہم شاہراہوں پر طویل ٹریفک جام روز کا معمول بن گیا، مسافر گاڑیوں سمیت عام شہریوں کو تکلیف کا سامنا، شہریوں کا حکام سے نوٹس لے کر ٹریفک جام سے نجات دلانے کا پرزور مطالبہ۔ تفصیلا ت کے مطابق سکھر شہر میں جاری عرصہ کئی سال سے ٹریفک جام کا مسئلہ اب تک حل نہیں ہو پایا ہے، شہر کی اہم شاہراہوں پر ٹریفک جام رہنا روز کا معمول بنتا جا رہا ہے، ٹریفک جام کے باعث جہاں مسافر گاڑیوں کو تکلیف اُٹھانا پڑ رہی ہے، وہیں شہریوں کوبھی آمد و رفت میں شدید مشکلات درپیش آرہی ہیں، مختلف تجارتی و کاروباری مرکز، اہم شاہراہوں سمیت مصروف ترین تجارتی مراکز و مارکیٹ میں دکانوں کے باہر رکھے ہوئے سامان کی بدولت اور سڑکوں پر غلط پار ک کی جانے والی گاڑیوں کی وجہ سے سڑکوں پر صبح اور شام کے اوقات میں گھنٹوں تک ٹریفک جام رہتا ہے، چند روز قبل انتظامیہ بالخصوص پولیس نے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے ٹریفک فورس میں اضافی نفری بھی تعینات کی لیکن مختلف شاہراہوں پر ٹریفک اہلکاربھی ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے اور ٹریفک کنٹرول کرنے میں مکمل طور پر ناکام دکھائی دیتے ہیں، کئی مقامات پر تو ٹریفک اہلکار تعینات ہی نہیں ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو ٹریفک جام کے مسائل سے گزرنا پڑ رہا ہے۔ دوسری جانب ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل پر شہری و سماجی حلقوں نے تشویش کا اظہار کیا۔