لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے 12ربیع الاول پر فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کا حکم دے دیا۔وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق امور کا جائزہ اجلاس ہوا ۔ مریم نواز نے پولیس افسران کو علما کرام کے پاس خود جا کر ملنے کی ہدایت کی۔ دوران اجلاس صوبائی سرحدی چوکیوں کی تعداد بڑھانے کی تجویز پیش کی گئی جس کی وزیر اعلیٰ مریم نواز نے منظوری دے دی، پولیس اہلکاروں کو اے پی سی، بلٹ پروف گاڑیاں اور بلٹ پروف جیکٹیں فوری طور پر دینے کا حکم بھی دیا گیا، اجلاس میں پولیس کے لیے ایک ارب روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ مریم نواز نے سرحدی پوسٹوں پر تعینات پولیس اہلکاروں کی خصوصی ٹریننگ کرانے کی ہدایت کی اور بارڈر سیکورٹی چیک پوسٹوں کو مزید مضبوط اور بہتر بنانے کا حکم دیا، بارڈر ملٹری پولیس کی تشکیل نو اور جدید ٹریننگ کی ہدایت بھی کی۔اس کے علاوہ اجلاس میں کچھ دیگر اہم فیصلے بھی کیے گئے۔