کوئٹہ (اے پی پی) بلو چستان کے علا قے تربت بازارمیں دھماکے کے نتیجہ میں خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے۔ پو لیس کے مطابق بدھ کو ضلع کیچ کے ہیڈکوارٹر تربت بازار میں اچانک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں ظریف ، ظفر ، عدنان، اویس اور ایک خاتون زخمی ہو گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور امدادی ٹیمیں پہنچ گئیں۔ دھماکے کے بعد بم ڈسپوزل سکواڈ کو فوری طور پر طلب کیا گیا۔ دھماکے میں زخمی ہونے والو ں کو مقامی ہسپتال منتقل کر دیاگیا جہاں انہیں بتدائی طبی امداد دی جا ری ہے۔ دریں اثنا حکومت بلوچستان کے ترجمان شاہد رند نے تربت بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے دھماکے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان کی جانب سے محکمہ داخلہ کو تحقیقات کا حکم دے دیا گیا ۔ترجمان کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی ہے جو دھماکے کی نوعیت کا تعین کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔