پشاور ہائیکورٹ ،عمرایوب ،اسد قیصر ،زرتاج گل اور فیصل گنڈا پور کی راہداری ضمانت منظور

118

پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک) ہائی کورٹ نے عمر ایوب، زرتاج گل، اسد قیصر اور فیصل امین گنڈاپور کی راہداری ضمانت منظور کرلی۔ پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے اسلام آباد میں درج مقدمے میں راہداری ضمانت کے لیے درخواست پشاور ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی، جس کی سماعت جسٹس شکیل احمد نے کی۔ عدالت نے چاروں رہنماؤں کو راہداری ضمانت دیتے ہوئے گرفتار نہ کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے چاروں پی ٹی آئی رہنماؤں کو 10 اکتوبر تک متعلقہ عدالتوں سے رجوع کرنے کا حکم بھی دیا۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل شاہ فیصل اتمانخیل نے کہا کہ سب کو ضمانت دے دیں۔ جس پر جسٹس شکیل احمد نے ریمارکس دیے کہ پہلی بار دیکھ رہا ہوں کہ ریاست ضمانت کی مخالفت نہیں کررہی۔ ایڈووکیٹ جنرل نے کہا کہ ریاست انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، جس عدالت نے کہا کہ اس ریاست کو تمام کیسز میں انصاف کے ساتھ ہونا چاہیے۔ قبل ازیں پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب، زرتاج گل، اسد قیصر اور فیصل امین راہداری ضمانت کے لیے پشاور ہائی کورٹ پہنچے۔