لاڑکانہ: ٹریفک پولیس غائب، سگنل خالی، سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں

170

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ٹریفک پولیس غائب، سگنل خالی، علاقہ پولیس بھی تھانوں تک محدود، سیکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں، عوام پریشان، خواتین اور بچے بھی اذیت میں مبتلا ہوگئے۔ روزانہ ٹریفک جام ہونا معمول بن چکا ہے، بندر روڈ، فش مارکیٹ روڈ، پاکستان چوک،جناح باغ روڈ، جیلس چوک، لاہوری روڈ، باقرانی روڈ، گجن پور چوک، نئون ڈیرو چوک، اسٹیڈیم روڈ، رائس کینال پل، کمال اتا ترک چوک سمیت ہر سڑک پر قبضے کی وجہ سے ٹریفک جام رہنے سے شہری اذیت کا شکار ہیں جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ مختلف چوراہوں پر ٹریفک پولیس کے غائب رہنے سے ٹریفک جام ہونے کی شکایتیں بڑھتی جا رہی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ انہیں روزانہ ٹریفک جام میں پھنسنا پڑتا ہے، اب انتظامیہ و پولیس کو فوری اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے اقدامات اُٹھانے چاہییں، غیر قانونی پارکنگ و قبضے کے خاتمے کے ساتھ غیر ذمہ دار چنگچی رکشہ ڈرائیورز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے۔ شہریوں کا مطالبہ ہے کہ پولیس کو سختی سے اقدامات کرنے کے لیے پابند بنا کر ٹریفک کے نظام کو بہتر کر کے ٹریفک پولیس کو چوراہوں پر ٹریفک کے نظام کو چلانے کا پابند اور شہریوں کو مشکلات سے نکال کر ریلیف فراہم کیا جائے۔