وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیر صدارت اجلاس

40

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال کی زیر صدارت پیر کو منعقدہ اجلاس میں تحلیل ہونے والے ادارے پی ڈبلیو ڈی کے زیر انتظام جاری ترقیاتی منصوبوں کو صوبائی حکومتوں کو منتقل کرنے کے عمل میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اجلاس میں سیکرٹری منصوبہ بندی اور مختلف صوبوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ پی ایس ڈی پی منصوبوں کو جلد از جلد صوبائی حکومتوں کو منتقل کیا جائے گا تاکہ ان منصوبوں پر کام بلا کسی رکاوٹ کے جاری رہ سکے۔ وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ صرف منصوبوں کو منتقل کیا جا رہا ہے اور ان منصوبوں کو پی ایس ڈی پی کے تحت دی جانے والی فنڈنگ جاری رہے گی۔انہوں نے تمام صوبوں کو ہدایت کی کہ وہ منتقل کیے جانے والے جاری منصوبوں کی وزارتوں کے نام سے ہفتے کے اندر اندر آگاہ کر دیں۔ وفاق میں جاری پی ڈبلیو ڈی کے منصوبوں کو بھی سی ڈی اے اور متعلقہ وزارتوں کو منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پی ڈبلیو ڈی کے زیر اہتمام جاری منصوبے ختم نہیں کیے جا رہے بلکہ انہیں صرف مختلف اداروں کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ احسن اقبال نے کہا کہ بلوچستان نے اس حوالے سے سب سے پہلے اپنا کام مکمل کیا ہے اور باقی صوبوں کو بھی ایک ہفتے کے اندر اندر مکمل تفصیلات فراہم کرنی ہیں۔ صوبوں کو جلد از جلد منتقل کرنے کے لیے انھیں اضلاع کے لحاظ سے تقسیم کیا جائے گا اور ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر کو فوکل پرسن بنایا جائے گا جو پی ڈبلیو ڈی اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تمام معاہدوں کو 4سے5دن میں مکمل کرے گا۔