ماحول دوست توانائی بڑھانے کیلیے پاکستان کی مدد جاری ہے‘ امریکی سفیر

48

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کو2030ء تک 60 فیصد توانائی کی ضروریات ماحول دوست ذرائع سے پوری کرنے کے لیے مدد فراہم کر رہا ہے اور امریکا نے اس سلسلے میں گرین کلائمیٹ فنڈ کو5 ارب ڈالر دیے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امریکی سفیر ک کہنا تھا کہ ریچارج پاکستان پاک امریکا شراکت داری پر امریکا نے اضافی50 لاکھ ڈالر دیے ہیں جو پاکستانی عوام کے روشن مستقبل کے لیے ہمارے عزم کا اظہار ہے۔ ماحولیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر پاکستان5 ویں نمبر پر ہے جو ہر روز ماحولیاتی بحرانوں کا سامنا کر رہا ہے۔ 2022ء کے سیلابوں سے پاکستان میں 80 لاکھ لوگ بے گھر ہوئے اور معیشت کو 5 ارب ڈالر کا نقصان پہنچا۔ پاکستانی کسانوں کی فصلیں خشک سالی سے مرجھا رہی ہیں لیکن مل جل کر ہم اس نقصان کی تلافی، اس کے اثرات کو کم یا ان اثرات کو ختم کریں گے۔امریکی سفیر نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور امریکا گرین الائنس فریم ورک کے تحت امریکا نے پاکستان حکومت اور صنعتوں کے ساتھ مل کر قابلِ تجدید توانائی، اسمارٹ ایگریکلچر اور پانی کی بہتر تقسیم کے منصوبوں پر کام کیا ہے۔ ہماری ان کاوشوں سے نئی ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں اور پاکستانی کاروباروں میں بیرونی ممالک سے ماحولیاتی سرمایہ کاری آئی ہے۔ ہم نے یہاں نئے کاروباروں کو مدد فراہم کر کے نئی ٹیکنالوجی اور افرادی قوت کو نئے ہنر سکھائے ہیں۔