لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کو ان کے عہدے پر بحال کردیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس چودھری اقبال پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں سرکاری وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ دوران سماعت عدالت نے سوال کیا کہ درخواست میں کون سا نوٹی فکیشن چیلنج ہوا تھا؟ اس پر سرکاری وکیل نے کہا کہ درخواست میں نگراں حکومت کا چیئرمین نادرا کے تقرر کا نوٹی فکیشن چیلنج ہوا تھا، درخواست گزار کی درخواست صرف نگراں حکومت کے نوٹیفکیشن کی حد تک محدود رہی۔ سرکاری وکیل نے مؤقف اپنایا کہ درخواست گزار نے کبھی بھی نئے رول کو چیلنج نہیں کیا، جسٹس عاصم حفیظ پر مشتمل ایک رکنی بینچ نے چیئرمین نادرا کی تعیناتی کو کالعدم قرار دیا لہٰذا عدالت چیئرمین نادرا کو عہدے سے ہٹانے کا سنگل بینچ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔ عدالت نے سرکاری وکیل کا مؤقف سننے کے بعد چیئرمین نادرا کے تقرر کو کالعدم قرار دینے کا ایک رکنی بینچ کا فیصلہ معطل کردیا۔ یاد رہے لاہور ہائیکورٹ نے ہی چیئرمین نادرا کے تقرر کے خلاف درخواست منظور کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل منیر افسر کی تعیناتی کالعدم قرار دی تھی۔