سندھ حکومت کا بارشوں سے سڑکوں اور سیوریج کے نظام کا نوٹس

105

کراچی ( رپورٹ محمد انور) حکومت سندھ نے صوبے بھر میں ہونے والی بارشوں کے نتیجے میں سڑکوں اور سیوریج کی نظام کی تباہ کن صورتحال کا نوٹس لے لیا ہے۔سرکاری ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری سندھ آصف حیدر نے تمام بلدیاتی اداروں کو بھیجے گئے ایک مراسلے میں حکام کی توجہ کراچی سمیت صوبے بھر کے سڑکوں کی بدحالی کی طرف کرائی ہے اور انہیں ہدایت کی ہے کہ بارشوں کے سبب سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور خراب صورتحال کو فوری طور پر بہتر کیا جائے۔چیف سیکرٹری نے صوبائی محکمہ خزانہ کے افسران سے کہا کہ بارشوں سے پیدا شدہ صورتحال کو حکومت جلد سے جلد بہتر بنانے کی خواہش مند ہے۔ اس مقصد کے لیے محکمہ اپنی ذمے داریاں پوری کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو ضروری فنڈ جاری کرنے کے لیے کارروائی کریں۔ کراچی میں بارشیں توقع کے خلاف کم ہوئی ہیں، اس کے باوجود سڑکوں اور سیوریج کے نظام خراب ہوا ہے، جس پر صوبائی حکام کو تشویش ہے ، حکومت چاہتی ہے کہ سڑکوں اور سیوریج کے نظام کو ہنگامی بنیاد پر بہتر بنا کر بحال کیا جائے۔ چیف سیکرٹری نے یہ مراسلہ کے ایم سی، ایچ ایم سی سمیت صوبے بھر کے بلدیاتی حکام اور کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے افسران کو ارسال کیا ہے۔