واشنگٹن:اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ اتنی تباہی اور ہلاکتیں کبھی نہیں دیکھی جتنی غزہ میں ہوئی ہیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق ذرائع ابلاغ کو دیے گئے اپنے ایک انٹرویو میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیریس نے کہا ہے کہ غزہ میں ہونے والی ہلاکتیں اور تباہی تاریخ کی بدترین صورت حال ہے۔ انہوں انٹرویو میں اس تاثر کو مسترد کیا کہ یو این مشن کے تحت غزہ کا انتظام سنبھالنے یا وہاں امن مشن تعینات کرنے کا کوئی معاملہ زیر غور ہو۔
انتونیو گوتیریس نے فلسطین کے دو ریاستی حل پر زور دیتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے سے مشرق وسطیٰ میں امن کا خطرہ بننے والے مسئلے کا دو ریاستی حل ہی واحد اور قابلِ عمل حل ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ میں ہونے والی کسی بھی جنگ بندی کی نگرانی کے لیے تیار ہیں لیکن سوال یہ ہے کہ کیا فریقین اور بالخصوص اسرائیل بھی اس کے لیے تیار ہوگا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے غزہ میں ہلاکتوں اور تباہی کے خاتمے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ غزہ اس وقت جن مصائب کا شکار ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔