پاک بھارت آبی تنازع: غیر جانبدار ماہرین آج دی ہیگ میں سماعت کریں گے

150

دی ہیگ: پاکستان اور بھارت آج دی ہیگ میں 330 میگاواٹ کے کشن گنگا اور 850 میگاواٹ کے رتلے پن بجلی منصوبوں کے متنازع ڈیزائن پر غیر جانبدار ماہرین کے سامنے آمنے سامنے ہوں گے۔

یہ دو روزہ سماعت 10 سے 11 ستمبر تک جاری رہے گی، جس میں ان منصوبوں کے باعث ہونے والی سفارتی کشیدگی خصوصاً کشن گنگا منصوبے سے پاکستان کے پانی کے بہاؤ پر پڑنے والے منفی اثرات پر غور کیا جائے گا۔

کشن گنگا ہائیڈرو الیکٹرک پاور پراجیکٹ طویل عرصے سے دونوں ممالک کے درمیان تنازع کا باعث بنا ہوا ہے۔ پاکستانی وفد کی قیادت وفاقی سیکرٹری برائے آبی وسائل سید علی مرتضیٰ کر رہے ہیں، جن کے ہمراہ پاکستان کمشنر برائے انڈس واٹرس سید محمد مہر علی شاہ اور دیگر قانونی ماہرین اور انجینئرز کی ٹیم بھی شامل ہے۔

دونوں ممالک کے یہ ہائیڈرو پاور منصوبے ثالثی کی مستقل عدالت (PCA) اور غیر جانبدار ماہرین دونوں کے زیر غور ہیں، تاہم بھارت اس معاملے کا فیصلہ غیر جانبدار ماہرین کے ذریعے چاہتا ہے۔