فیصل آباد (نمائندہ خصوصی)چیئر مین پی سی بی نے چیمپئنز کپ فیصل آباد کی ٹیموں کے مینٹورز سے ملاقات کرتے ہوئے ٹورنامنٹ کو قومی ٹیم کے مستقبل کیلئے اہم قرار دیدیا۔ دورہ فیصل آباد کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے نجی ہوٹل میں چیمپئنز کپ کی 5 ٹیموں کے مینٹورز سے ملاقات کی۔ انہوں نے وولفز ا سکواڈ کے مینٹور مصباح الحق، سٹالنیز کے مینٹور شعیب ملک، لائنز کے مینٹور وقار یونس، ڈولفنز کے مینٹور سرفراز احمد اور پنتھرز کے مینٹور ثقلین مشتاق سے ملاقات کی۔اس موقع پر چیئرمین پی سی بی نے چیمپئنز کپ کے انتظامات پر تفصیلی مشاورت کی۔مینٹورز نے چیمپئنز کپ کو ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے اہم ٹورنامنٹ قرار دیا۔مینٹورز نے اقبال اسٹیڈیم کی پچز اور گرائونڈ کی بہتری کیلئے تجاویز دیں۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پچز اور گرائونڈ کا معیار بہتر بنانے کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو پریکٹس کیلئے یکساں مواقع دئیے جائیں گے۔چیمپئنز کپ ٹورنامنٹ سے نئے کھلاڑی سامنے آئیں گے جنہیں کارکردگی پر آگے آنے کا موقع دیں گے، قومی کرکٹ ٹیم کیلئے تینوں فارمیٹ کیلئے بیک اپ کھلاڑی تیار ہوں گے، چیمپئنز کپ کو پاکستان کا برانڈ بنانا ہے۔