جامعہ کراچی :تنخواہیں نہ ملنے پر اساتذہ و ملازمین کا احتجاج

67

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جامعہ کراچی میں اساتذہ اور ملازمین نے تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔انہوں نے جامعہ میں مالی بدانتظامیوں کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔احتجاجی مظاہرہ ایڈمنسٹریشن بلڈنگ کے پاس کیا گیا ۔اساتذہ و ملازمین نے کہا کہ تنخواہیں تاخیر کا شکار ہیں،اساتذہ کا پروموشن بھی نہیں ہوا جبکہ ایوننگ پروگرام کے ٹیجنگ اور نان ٹیچنگ بلز نہیں ادا کیے گئے۔ایوننگ پروگرام میں پڑھائے جانے والے کورسز کی تنخواہوں کی گزشتہ ڈیڑھ سال سے ادائیگی نہیں کی گئی ۔انجمن اساتذہ نے مطالبہ کیا کہ اساتذہ کی مالی ادائیگیاں جلد از جلد کی جائیں ،صبح کی شفٹ کے اساتذہ اور عملے کی تنخواہ 8دن گزرنے کے باوجود ادا نہیں کی گئی ہیں وہ ادا کی جائیں اگر مالی ادائیگیاں نہیں کی گئیں تو احتجاج کا دائرہ وسیع کریں گے۔