کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد ہاشم کاکڑنے آتشزدگی سے متاثرہ سائنس کالج کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے متاثرہ کلاسز کی فوری بحالی اور کلاسز کے اجراء کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی اور چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ جسٹس محمد ہاشم کاکڑ آتشزدگی سے متاثرہ کالج کے معائنہ کے لیے پہنچ گئے۔ وزیر اعلیٰ اور چیف جسٹس نے متاثرہ کلاس رومز کا دورہ کیا اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ وائس پرنسپل نے آتشزدگی سے متعلق وزیر اعلیٰ کو آگا ہ کردیا۔ وزیر اعلیٰ نے کلاسز کی فوری بحالی اور کلاسز کے اجراء کے لیے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعلیٰ نے محکمہ مواصلات و تعمیرات کو سائنس کالج کے مین بلاک کی ازسر نو تعمیر کی ہدایت کردی۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ واقعہ افسوسناک ہے جس کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، آتشزدگی کے واقعہ کے بعد وائس پرنسپل کی کاوشیں اور اقدامات قابل ستائش ہیں، محکمہ تعلیم کو ہدایت کی ہے کہ وائس پرنسپل کی خدمات کو سراہیں اور ان کی حوصلہ افزائی کی جائے۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ تعلیمی حرج ہونے نہیں دیا جائے گا اورمتبادل بلڈنگ میں کلاسز شروع کرنے کی ہدایت کردی ہے۔