کنری،خونخوارکتوں نے تین بھیڑوں کو چیرپھاڑ دیا

126

کنری(جسارت نیوز )خونخوار کتوں نے غریب محنت کش کی تین بھڑوں کو چیر پھاڑ کر ہلاک کر دیا،آوارہ کتوں نے علاقے میں خوف وہراس پیدا کردیا۔تفصیلات کے مطابق نبی سر روڈ کے شاہ فارم کے نواحی گاؤں ہیرو کولہی میں خونخوار آوارہ کتوں کے جھنڈ نے غریب محنت کش ہیمجی کولہی کی تین عدد قیمتی بھیڑوں کو چیر پھاڑ کر ہلاک کردیا، آوارہ اور باؤلے کتوں کی بہتات کی وجہ سے قصبات اور مختلف علاقوں میں سخت خوف وہراس کا ماحول پیدا ہوگیا ہے،کنری سمیت تعلقہ کنری میں کتوں کی بہتات کی وجہ سے سگ گزیدگی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے روزانہ کی بنیاد پر کئی کئی متاثرہ افراد کو نجی وسرکاری اسپتالوں میں ویکسین کیلیے لایا جاتا ہے۔ کنری،نبی سر روڈ ودیگر میں آج کل کتوں کے جھنڈ کے جھنڈ دندناتے پھر رہے ہیں، مرد،خواتین اور بچے آوارہ اور باؤلے کتوں کے نشانے پر ہیں لیکن ان کے خاتمے کیلیے اب تک کوئی اقدام نہیں اٹھایا گیا ہے۔سیاسی وسماجی حلقوں اور متاثرین نے متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر کتا مار مہم کا آغاز کیا جائے تاکہ انسان اور پالتو مویشی ان کے حملوں سے محفوظ رہیں۔