اسرائیل میں نیتن یاہو کیخلاف ساڑھے 7 لاکھ افراد سڑکوں پر نکل آئے ،غزہ جنگ بندی معاہدے کا مطالبہ

306
اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب میں لاکھوں شہری وزیر اعظم نیتن یاہو کے خلاف سراپا احتجاج ہیں

تل ابیب /غزہ /بیروت (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل میں نیتن یاہو کیخلاف ساڑھے 7 لاکھ افراد سڑکوں پر نکل آئے۔ اسرائیل میں غزہ جنگ کے 11 ماہ مکمل ہونے کے باجود تاحال نیتن یاہو حکومت اپنے یرغمالیوں کو حماس کی قید سے بازیاب نہیں کراسکی جس کے خلاف اتوار کو شدید احتجاج کیا گیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیل کی تمام ہی بڑی شاہراہیں احتجاجی مظاہرین سے بھر گئیں۔ مظاہرین نے یرغمالیوں کی بازیابی کے لیے بینرز اُٹھا رکھے تھے اور نیتن یاہو حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ نیتن یاہو اپنی کرسی بچانے کے بجائے فوری طور پر حماس کے ساتھ غزہ جنگ بندی معاہدہ کریں تاکہ اسرائیلی یرغمالیوں کو حماس کی قید سے جلد از جلد رہا کرایا جا سکے۔مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ11ماہ سے قید یرغمالیوں کی جانیں خطرے میں ہیں لیکن حکومت کو اپنے اقتدار کی پڑی ہے‘ اب تک جو یرغمالی زندہ واپس آئے ان میں سے اکثریت کی معاہدے کے تحت واپسی ہوئی۔ مظاہرین نے امریکا کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو درمیان سے ہٹا کر براہ راست حماس سے مذاکرات کرے اور جلد از جلد جنگ بندی معاہدے طے کرائے۔یاد رہے کہ حال میں غزہ کی ایک سرنگ میں 6 اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں ملی ہیں جن میں ایک امریکی نژاد شہری بھی شامل ہے۔ حماس کے مطابق یہ افراد اسرائیلی بمباری میں مارے گئے جس کے بعد گزشتہ ہفتے یرغمالیوں کے لواحقین اور مختلف گروپس کی اپیل پر ملک گیر ہڑتال بھی کی گئی تھی۔ اسرائیل کی غزہ سمیت مغربی کنارے میں جاری مظالم میں کمی نہ آسکی‘ 24 گھنٹے میں اسرائیلی حملوں میں31 فلسطینی شہید اورمتعدد افراد زخمی ہوگئے۔ عرب میڈیا کے مطابق جبالیہ میں صیہوبی فوج نے پناہ گزین افراد کے اسکول پر حملہ کیا جس میں 8 فلسطینی شہید جبکہ متعدد زخمی ہوئے، نصیرات پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی حملے میں 5 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ اسرائیل کے لبنان پر حملے میں 3 پیرا میڈیکل اسٹاف کی شہادت کے جواب میں حزب اللہ نے صیہونی فوج کی تنصیبات پر راکٹ برسا دیے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق حزب اللہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نے طبی عملے کی شہادت کے جواب میں فلق میزائلوں سے کریات شمونہ بسالیہ کی بستی پر متعدد راکٹس برسائے۔ اردن اور مغربی کنارے کے درمیان ایلنبی پل کراسنگ پر کنگ حسین راہداری پر ایک ٹرک ڈرائیور نے فائرنگ کرکے 3 اسرائیلی محافظوں کو ہلاک کر دیا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اردن سے ایک ٹرک راہداری کے ذریعے مغربی کنارے میں داخل ہوا تھا۔ ڈرائیور نے ٹرمینل پر کام کرنے والے اسرائیلی فوجیوں پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ ٹرمینل پر موجود سیکورٹی اہلکاروں کی جوابی فائرنگ میں حملہ آور شہید ہوگیا۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو نے مغربی کنارے اور اردن کے درمیانی راہداری پر حملے میں 3 اسرائیلیوں کی ہلاکت پر ایران کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے اردن اور مغربی کنارے کے درمیان قائم کنگ حسین کراسنگ پر ایک ٹرک ڈرائیور کی فائرنگ سے 3 اسرائیلی کی ہلاکت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آج ایک مشکل دن ہے‘ ہمارا ملک جس مہلک نظریے سے گھرا ہوا ہے اس کی قیادت ایران کر رہا ہے جس کا مقصد ہمارے درمیان نااتفاقی پیدا کرنا ہے‘ اپنے بھائیوں کے قتل کا بدلہ لیں گے اور یرغمالیوں کی بازیابی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اسرائیل نے دھمکی دی ہے کہ ہماری فوج کسی بھی وقت حماس کے نئے سربراہ یحییٰ السنوار کو ان کے ایک بھائی سمیت وسطی غزہ کی پٹی میں قتل کردے گی۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اتوار کو وزیر دفاع یاہو گیلنٹ نے غزہ میں نیٹزارم کوریڈور کے دورے کے دوران کہا کہ جلد یحییٰ السنوار اور محمد السنوار تک پہنچ جائیں گے اور انہیں قتل کر دیں گے‘ جو کوئی خود کو ہم سے محفوظ سمجھتا ہے تو وہ مروان عیسیٰ اور محمد دیف کا انجام دیکھ لے‘ ان دونوں نے بھی یہ سوچا تھا کہ وہ بچ جائیں گے لیکن وہ آج دنیا میں موجود نہیں ہیں۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ان دونوں نے ایک غلطی کی تھی اور اپنی غلطی کی وجہ سے ہمارے گرفت میں آئے تھے اور اب حماس سربراہ یحییٰ السنوار بھی کوئی نہ کوئی غلطی کریں گے جس سے وہ ہماری رینج میں آجائیں گے‘ ہم اپنا مشن ہر صورت پورا کریں گے‘ہماری پہنچ سے کوئی دور نہیں۔