تھرڈ پارٹی سسٹم یا آوٹ سورسنگ

24

مہذب دنیا میں قوانین عوام کی بھلائی کے لیے بنائے اور نافذ کئے جاتے ہیں۔ جبکہ وطن عزیز میں نہ تو ان پر عمل کیا جاتا ہے اور نہ ہی حکومتی ادارے ان پر عمل کرواتے ہیں۔ ملک کے بہت سے پبلک سیکٹر اور پرائیوٹ سیکٹر میں ملازمین تھرڈ پارٹی کے ذریعے رکھے جاتے ہیں۔ اور بیشتر جگہوں پر تو انہیں اپائنٹمنٹ لیٹر بھی نہیں دیے جاتے۔اور انہیں مقررہ مدت سے پہلے ٹرمینیٹ کرکے ایک یا دو دن کے بعد نئے آرڈرز کیے جاتے ہیں۔ اس طرح سے کام کرنے والے ملازمین اپنے تمام بنیادی
حقوق سے محروم رہتے ہیں۔ان ملازمین کو اجرت بھی قوائد کے مطابق نہیں دی جاتی۔ اور نہ ہی سوشل سیکورٹی کی مراعات ان ملازمین کو دی جاتی ہیں۔ اور اگر دوران کام وہ کسی حادثے کا شکار ہو جائیں تو بھی وہ ہر قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ٹھہرتے۔ ایسے اداروں کے ملازمین حکومت کی طرف سے اعلان کردہ کم از کم اجرت سے محروم ہوتے ہیں۔ اگر وہ محکمہ لیبر یا کسی دوسرے متعلقہ ادارے سے اپنے حقوق کے لیے رابطہ کریں تو ان کو اپنی ملازمت سے ہاتھ دھونا پڑتا ہے۔ اور کئی وجوہات کی بنا پر یہ لوگ حق انجمن سازی سے بھی محروم رہتے ہیں۔ وفاقی وزارت محنت اور صوبائی وزارتوں کو چاہیے کہ اس لعنت کو ختم کروائیں تاکہ ملک کی لاکھوں لیبر فورس اپنے بنیادی حقوق کے ساتھ اپنے روزگار کو حاصل کرسکیں۔