سعودی عرب کی معروف اور متحرک ادبی تنظیم تخیل ادبی فورم کے زیرِ اہتمام پاکستان کی نامور ادبی اور سماجی شخصیات کے اعزاز میں ایک رسمی شعری و نثری نشست کا انعقاد کیا گیا۔ عابد شمعون چاند کے مطابق نشست کی صدارت، پاکستان سے تشریف لائی معروف شاعرہ و مصنفہ ڈاکٹر شہناز مزمل نے کی جب کہ مہمانانِ خصوصی سعودی عرب کی معروف سماجی شخصیت اور سیالکوٹ کے ادبی حلقوں کا جانا پہچانا نام اُمِ ریاض محترمہ ساجدہ چودھری اور پاکستان کے مایہ ناز پنجابی زبان کے معروف شاعر ایوب کموکا تھے۔ نظامت کے فرائض تخیل کے جنرل سیکرٹری راشد محمود نے انجام دیئے اور ان کی معاونت تخیل کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری راشد منہاس نے کی۔ اس موقع کی مناسبت سے ایک شعری نشست کا اہتمام کیا گیا جس میں شہر الریاض کے معروف شعرا صابر امانی ، شاہد خیالوی ، یاسر یونس، منیب فیاض، شاہد ریاض، ذیشان حیدر، پیر اسد کمال، فیصل اکرم گیلانی، منظر ہمدانی، کامران ملک ، منصور محبوب ، ساجدہ چوہدری اور ایوب کموکا نے اپنے کلام سے محفل کو رونق بخشی تقریب سے نثری حصے میں راشد محمود نے ڈاکٹر شہناز مزمل پر لکھا ہوا اپنا مضمون پیش کیا جب کہ راشد منہاس سے اُمِ ریاض ساجدہ چودھری کی شخصیت اور خدمات کے بارے میں اپنا مضمون پیش کیا جسے حاضرین محفل نے خوب سراہا بعد ازاں صدرِ محفل ڈاکٹر شہناز مزمل نے اپنی کتاب نورِ فرقان، جو کہ قرآن کریم کے ترجمے کا منظوم مفہوم ہے ، سے انتخاب اور اپنے تازہ کلام سے سامعین کی سماعتوں کو ترو تازہ کیا،ڈاکٹر شہناز مزمل نے اپنی نئی شائع شدہ کتب کا تحفہ تخیل کے سرپرست اعلیٰ منصور محبوب کو پیش کیا ۔پروفیسر عظمت اللہ بھٹہ نے تخیل کی ادبی کاوشوں کو سراہا ۔سرپرست اعلیٰ منصور محبوب نے خطاب کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تخیل ادبی فورم اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے ایسی ادبی محافل کا یونہی اہتمام کرتا رہے گا تا کہ دیار غیر میں اپنی زبان و ادب کی خدمت جاری رہے۔