اردو کے نفاذ سے ہی پاکستان مستحکم بن سکتا ہے‘ڈاکٹر شاداب احسانی

105

کراچی۔(پ ر)اردو قومی وحدت کی نشانی اور علامت ہے۔قومی نصاب اردو میں کردیا جائے تو ہر گھر میں ڈاکٹر اور انجینئر بنے گا۔اردو کے نفاذ سے ہی پاکستان مستحکم بن سکتا ہے تعلیمی نصاب اردو میں کر دیا جائے تو پاکستان حقیقی بنیادوں میں ایشین ٹائیگر بن جائیگاحکمراں اردو کے ساتھ متعصبانہ رویہ ختم کر کے اردو کو اس کا حق دیں۔یہ بات ممتاز دانشور اور جامعہ کراچی شعبہ اردو کے سابق صدر ڈاکٹر شاداب احسانی نے تحریک نفاذ اردو کے منتظم اعلی محمد قاسم جمال اور جنرل سیکرٹری محمد علی گوہر سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔تحریک نفاذ اردو کے تحت 8ستمبر کو بھرپور طریقے سے یوم اردو منایا گیا اس سلسلے میں مذاکرہ،مشاعرے اور بزم اردو کے پروگرامات اور اردو بیٹھک بھی منعقد کی گئی۔یکم ستمبر سے تحریک نفاذ اردو کے تحت عشرہ نفاذ اردو منایا جارہا ہے جس میں اسکولوں میں نفاذ اردو کے لئے مظاہرے بھی کئے جارہے ہیں۔ڈاکٹر شاداب احسانی نے کہا کہ نفاذ اردو کا انعقاد عشرہ منانے سے نہیں ہوگا اس کے لئے مستقل مزاجی کے ساتھ جدوجہد کی جانی چاہیے۔تحریک نفاذ اردو نے اس سال بھرپور طریقے سے جدوجہد کا آغاز کیا ہے اور اس جدوجہد کو سوشل میڈیا سے نکال کر عملی طور پر جدوجہد کی جارہی ہے جس کے بہتر نتائج برآمد ہونگے۔تحریک نفاذ اردو پاکستان کے منتظم اعلی محمد قاسم جمال نے کہا کہ نفاذ اردو کی جدوجہد ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے اور ہم اردو کے نفاذ تک چین سے نہیں بیٹھے گے۔