اسلام آباد(نمائندہ جسارت)عدالت عظمیٰ میں دو ماہ کی عدالتی چھٹیوں کا اختتام ہو گیا اور آج صبح ساڑھے 9 بجے نئے عدالتی سال کی تقریب منعقد ہوگی ۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نئے عدالتی سال کی تقریب کی سربراہی کریں گے۔ عدالت عظمیٰ کے ججز کے علاوہ اٹارنی جنرل،عدالت عظمیٰ بار ایسوسی ایشن اور پاکستان بار کونسل کے نمائندگان شرکت کریں گے۔ذرائع کے مطابق جسٹس منیب اختر دستیاب نہیں ہیں جبکہ جسٹس منصور علی شاہ بیرون ملک دورے پر ہیں چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نئے عدالتی سال کی تقریب سے خطاب کریں گے اس کے علاوہ اٹارنی جنرل اور وکلا تنظیموں کے نمائندگان بھی خطاب کریں گے۔عدالت عظمیٰ نے زیر سماعت مقدمات کے پیش نظر گرمیوں کی چھٹیاں تین ماہ کے بجائے دو ماہ کی تھیں گرمیوں کی چھٹیوں کا آغاز 15جون کے بجائے 15جولائی سے ہوا تھا۔