اسلا م آباد:سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کا ملٹری ٹرائل بہت زیادہ عالمی دباؤپیدا کرے گا، پاکستان اس ایڈونچر کو برداشت نہیں کر پائے گا، آئی ایم ایف کا پروگرام ہمارا ایک دھاگے سے لٹکا ہوا ہے۔افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کا فیصلہ جنرل فیض حمید کا نہیں حکومت پاکستان کا تھا اور اس کو بطور ادارہ فوج کی پوری حمایت حاصل تھی۔
فواد چوہدری نے کہاکہ پنجابیوں کو ہماری اسٹبلشمنٹ کے غلط فیصلوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا ور بلوچستان میں قیمت ادا کرنی پڑ رہی ہے، یہ حکومت فارم 47 پر آئی ہوئی ہے، یہ چاہتے ہیں پاکستان میں نارمل سیاست بحال نہ ہو، نارمل سیاست بحال ہوتی ہے تو ان کو اپنی قانونی حیثیت اور گرتی نظر آرہی ہے، پنجاب حکومت چاہتی ہے کہ سیاسی ایکٹیویٹی پنجاب میں بالکل بحال نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہاکہ خواجہ آصف اور احسن اقبال اس وقت ایک ایجنڈے پر ہیں، ان کا ایجنڈا یہ ہے کہ پاکستان میں تلخیاں کم نہ ہوں، یقینا نواز شریف نے بھی یہی ایجنڈا رکھا ہوا ہے، جنہوں نے ایک طرف رانا ثنا اللہ کو کہا کہ مفاہمتی بیان دیں دوسری طرف ان دونوں کو رکھا ہوا ہے کہ وہ اس طرح کے بیان دیں، اس بات کو سیاسی اسٹریٹجی کے طور پر بڑھایا جارہا ہے۔