ماتلی: لاکھوں روپے کے سپاری چورا کے درجنوں بیگ پکڑے گئے

120

ماتلی (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی بدین شیراز نظیر عباسی کی اینٹی منشیات کو کامیاب بناتے ہوئے ماتلی پولیس نے بڑی کارروائی کی ہے۔ ماتلی پولیس اسٹیشن کی بارن چیک پوسٹ پر معمول کی چیکنگ میں مصروف ایس ایچ او غلام حیدر پہنور سمیت بارن چیک پوسٹ کے انچارج عبدالخالق جروار، فلکارا پولیس پوسٹ انچارج قادر سہتو اور ان کی ٹیم نے مشکوک ڈمپر کی تلاشی کے دوران مین پڑی اور ماوا گٹکا بنانے کے استعمال میں آنے والی لاکھوں روپے مالیت کے سپاری چورا کے درجنوں بیگ اپنی تحویل میں لے لیے۔ پولیس نے 2 ملزمان امجد پٹھان اور ذوالفقار پٹ کو گرفتار کر لیا۔ ماتلی تھانے میں ملزمان کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ ڈمپر کے پکڑے جانے کی اطلاع ملتے ہی پریس کلب کی ٹیم بھی موقع پر پہنچ گئی۔ ایس ایچ او ماتلی نے اپنی مختصر بریفنگ میں بتایا کہ جو کچھ ڈمپر سے نکلا وہ سب میڈیا کے سامنے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ممنوعہ مال کراچی سے اسمگلنگ کر کے لایا جا رہا تھا۔ ایف آئی آر کے مطابق ڈمپر سے 600 بیگ پولیس نے اپنی تحویل میں لیے ہیں جن میں 6 ہزار کلو گرام سپاری کا چورا موجود تھا جس کی مالیت تقریباً 80 لاکھ روپے کے قریب ہے۔