فیصل آباد: جماعت اسلامی کی ملک بھر میں ممبر سازی مہم کا آغاز

85

فیصل آباد (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کی ملک گیر ممبر سازی مہم کے سلسلے میں چوک گھنٹہ گھر میں لگائے گئے کیمپ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی امیر جاوید قصوری نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن کی ہدایت پر جماعت اسلامی کی ملک بھر میں ممبر سازی مہم کا آغاز ہو گیا ہے، 50 لاکھ نئے ممبرز بنائے جائیں گے، جماعت اسلامی کے دروازے ہر اس پاکستانی کے لیے کھلے ہیں جو عوام کے حقوق اور ملک میں اسلامی نظام کے قیام کے لیے جدوجہد کرنا چاہتا ہے۔ اس موقع پر عام شہریوں کو جماعت اسلامی کا ممبر بناکر بذریعہ ایپ رجسٹرڈ کیا گیا۔ تقریب میں ضلعی امیر پروفیسر محبوب الزماں بٹ، سیکرٹری شیخ محمد مشتاق، انجینئر عظیم رندھاوا، اجمل حسین بدر، عاصم منیر لونا، میاں اعجاز حسین سمیت کارکنوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔ جاوید قصوری نے کہا کہ حکمرانوں کی عیاشیوں اور آئی پی پیز کا بوجھ اب عوام نہیں اُٹھائیں گے، حکومتی معاہدے کے 15 دن باقی رہ گئے، راولپنڈی معاہدے پر عمل درآمد نہ ہوا تو حالات کی ذمے دار حکومت ہو گی، ’’حق دو عوام کو‘‘ تحریک آنے والے دنوں میں مزید آگے بڑھے گی، 3 دن کی ہڑتال پر تاجروں سے مشاورت جاری ہے، پورا ملک شٹر ڈائون اور پہیہ جام ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کی اصل لاگت کا تعین کر کے پورے پاکستان میں یکساں ٹیرف لاگو کیا جائے۔