گوادر (نمائندہ جسارت) حق دو تحریک بلوچستان تحریک کے اعلامیے کے مطابق مسافروں، ٹرانسپورٹرز، کاروباری حضرات کی تکلیف اور تربت اجتماع کے احترام کے پیش نظر مشاورت سے سربندن دھرنا مختصر کیا گیا ہے، آئندہ پسنی، اورماڑہ، جیونی زیرو پوائنٹس پر غیر معینہ مدت کے لیے دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق مسافروں، ٹرانسپورٹرز اور کاروباری حضرات کی مشکلات کے پیش نظر اور تربت تبلیغی اجتماع کے لیے تبلیغی جماعت کی درخواست پر حق دو تحریک بلوچستان کی جانب سے سربندن دھرنا فی الحال مختصر کرکے موخر کردیا گیا ہے۔ دھرنے کے بعد 12 ستمبر کو پسنی زیرو پوائنٹ میں ایک روزہ دھرنا، 19 تاریخ کو اورماڑہ زیرو پوائنٹ اور اس کے بعد جیونی زیرو پوائنٹ پر ایک روزہ دھرنا دیا جائے گا۔ اگر دھرنوں کے دوران مطالبات پر عملدرآمد نہیں ہوا تو بڑا فیصلہ کن دھرنا غیر معینہ مدت کے لیے کسی بھی جگہ دیا جائے گا۔