اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کا بطور پارٹی سیکرٹری جنرل استعفا منظور کرلیا گیا۔ اپنے بیان میں عمر ایوب نے کہا کہ میں بانی پی ٹی آئی کا مشکور ہوں کہ انہوں نے میرا استعفا منظور کیا‘ اپوزیشن لیڈر، کیس بھگتنا، جلسے دیکھنا سمیت دیگر معاملات کا بھی بوجھ تھا‘ میں نے اس سے قبل بھی 22 جون کو استعفا دیا لیکن وہ منظور نہیں کیا گیا۔ عمر ایوب نے کہا کہ میں بطور کارکن بانی چیئرمین کے ساتھ کام جاری رکھوں گا‘ میں نے شبلی فراز کو بانی پی ٹی آئی تک استعفا پہنچانے کا کہا تھا۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی میں سیکرٹری جنرل کے استعفے کے بعد ایک اور اہم عہدہ خالی ہونے جا رہا ہے‘ پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات رؤف حسن کو ہٹانے کے لیے بانی عمران خان نے اجازت دے دی‘ رؤف حسن پر کچھ پارٹی رہنماؤں کو عدم اعتماد تھا اب نئے سیکرٹری اطلاعات کے لیے شیخ وقاص اکرم کا نام سرفہرست ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق سیکرٹری جنرل کی تعیناتی کے بعد سیکرٹری اطلاعات کو تبدیل کیا جائے گا۔