ملک بھر میں یوم فضائیہ جوش و جذبے سے منایا گیا

98

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاک بھارت جنگ میں پاکستان ائر فورس کا اہم کرداررہا اس حوالے سے 7ستمبرکو ملک بھر میں یوم فضائیہ منایاگیا۔اس دن کو منانے کا مقصد ستمبر 1965ء کی پاک بھارت جنگ میں پاک فضائیہ کے کارناموں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے، ستمبر 1965ء کی جنگ میں پاک فضائیہ کے شاہینوں نے دشمن کے غرور کو خاک میں ملا دیا تھا۔پاک فضائیہ کے شاہینوں نے پاک بھارت جنگ میں 6اور 7ستمبر کو بھارتی فضائیہ کے 50 سے زائد طیارے گرا کر جنگ کا پانسہ پلٹ دیا تھا۔ شاہینوں نے ایک ہی دن میں بھارت کے بیشتر ہوائی اڈوں پر حملے کر کے انہیں ناکارہ بنا دیا۔7 ستمبر 1965ء کو پاکستانی فضائیہ کے سکواڈرن لیڈر محمد محمود عالم نے ایک منٹ سے بھی کم دورانیے میں بھارت کے 5 لڑاکا طیارے مار گرائے، ایم ایم عالم کا یہ معرکہ آج تک فضائیہ کی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔یومِ فضائیہ کے موقع پر وطن پر اپنی جان قربان کر کے مثال قائم کرنے والے ائرفورس کے کم عمرترین پائلٹ آفیسرراشدمنہاس شہید کی قبر پر پروقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ائر وائس مارشل عامر شہزاد تھے۔