اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزارت خزانہ نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی طرف سے لکھے گئے خط کے جواب میں تمام صوبوں کو جاری کردہ فنڈز کی تفصیلات ان کو بجھوا دیں۔کہا گیا وزارت خزانہ نے مجموعی طور پر صوبوں کو 9 ارب 97 کروڑ روپے ترقیاتی فنڈز جاری کیے۔ جس میں سب سے زیادہ پانچ ارب اٹھاون کروڑ روپے سندھ کو جاری کیے گئے۔وزارت خزانہ کے خط کے مطابق وزارت خزانہ نے مجموعی طور پر صوبوں کو 9 ارب 97 کروڑ روپے ترقیاتی فنڈز جاری کیے جس میں سب سے زیادہ 5 ارب 58 کروڑ روپے سندھ کو جاری کیے گئے۔خط میں کہا گیا ہے کہ رواں سال سب سے کم ترقیاتی بجٹ صوبہ خیبرپختونخوا کو صرف 39 کروڑ جاری کیے، بلوچستان کو 3 ارب روپے سے زائد اور پنجاب کو 90 کروڑ روپے کے ترقیاتی فنڈز دیے، صوبہ سندھ سب سے زیادہ ترقیاتی بجٹ ملنے کے باوجود شکوہ کر رہا ہے۔ذرائع نے بتایاکہ وزارت خزانہ کی سندھ کو رواں سال کیلیے ریلیز اسٹریٹیجی کے تحت فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی گئی ہے، کم آمدن کے باعث رواں مالی سال پہلی سہ ماہی کے دوران 15 فیصد ترقیاتی فنڈز ریلیز ہوں گے، رواں مالی سال آخری سہ ماہی کے دوران سب سے زیادہ 40 فیصد ترقیاتی فنڈز ریلیز ہوں گے۔