الیکشن میں موبائل‘ انٹرنیٹ بندش‘ وزارت داخلہ کا وجوہات بتانے سے انکار

134

کراچی(اسٹاف رپورٹر)8 فروری الیکشن میں موبائل اور انٹرنیٹ بندش، وزارت داخلہ کا وجوہات بتانے سے انکار۔قومی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ معلومات فراہم نہیں کی جاسکتیں۔ پاکستان انفارمیشن کمیشن میں دی گئی ایک درخواست کے جواب میں وزارت داخلہ نے مذکورہ معاملے سے متعلق وجوہات بتانے سے انکار کردیا ہے۔رپورٹ کے مطابق پاکستان انفارمیشن کمیشن نے بھی وزارت داخلہ کو مذکورہ معلومات فراہم کرنے سے استثنا دیا ہے۔پاکستان انفارمیشن کمیشن کی جانب سے تاحال تفصیلی فیصلہ جاری نہیں کیا گیا جبکہ وزارت اطلاعات نے مذکورہ معلومات کلاسیفائیڈ ہونے پر ریمارکس درج نہیں کیے۔وزارت داخلہ کے ایک سیکشن آفیسر کے جواب پر مذکورہ معلومات کو کلاسیفائیڈ قرار دیا گیا کہ کمیشن کا فیصلہ معلومات تک رسائی کے قانون کے منافی ہے۔ پی ٹی اے نے جواب دیا کہ وزارت داخلہ وفاقی حکومت کے احکامات پر ہدایات جاری کرتی ہے، پی ٹی اے ان ہدایات پر عمل درآمد کی پابند ہے۔اس حوالے سے پی ٹی اے نے مزید کہا کہ قومی سلامتی اور سیکورٹی صورتحال کے تحت سروسز بند کی جاتی ہیں، عام انتخابات کے روز وزارت داخلہ کی جانب سے موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند کی گئی تھیں۔