حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر) بصارت سے محروم افراد ہمارے معاشرے کا اہم حصہ ہے، ان کی بہتر تعلیم و تربیت ہم سب کا اولین فرض ہے۔ان خیالات کا اظہار حسام اقبال بیگ نے حیدرآباد ویلفیئر ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ کی جانب سے پرل فارم ہاؤس میں یوم دفاع کے حوالے سے پروقار تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں حسن بیگ، ویلفیئر کے جنرل سیکرٹری اے ڈی پیرزادہ، سینئر نائب صدر حاجی محمد یاسین آرائیں، ادارے کی انچارج شہناز، عبدالغنی انصاری کے علاوہ بصارت سے محروم بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب میں ادارہ تعلیم تربیت و تحفظ برائے نابینا افراد کے بچوں نے ٹیبلو، ملی نغمے اور یوم دفاع کے موضوع پر تقاریر پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ ایسے اداروں کی دل کھول کر مدد کریں تاکہ بصارت سے محروم افراد تعلیم و تربیت حاصل کر کے معاشرے میں عزت کی زندگی گزار سکیں۔ اس موقع پر ویلفیئر کے جنرل سیکرٹری اے ڈی پیرزادہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ بصارت سے محروم بچوں کو تعلیم کے علاوہ مختلف ہنر کی تربیت بھی دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کو غیر نصابی سر گرمیوں کے مواقع بھی فراہم کرتے ہیں، پکنک کے دوران ان کو تفریح اور مختلف کھیلوں کے مواقع بھی فراہم کیے گئے۔ اس موقع پر ویلفیئر کے سینئر نائب صدر حاجی محمد یاسین آرائیں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایچ ڈبلیو اے بی نابینا افراد کی واحد انجمن ہے جو بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود کے لیے بلا امتیاز کام کر رہی ہے۔