8 فروری انتخابات میں موبائل اور انٹرنیٹ بندش: وزارت داخلہ نے وجوہات بتانے سے انکار کر دیا

187

وزارت داخلہ نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات کے دن موبائل اور انٹرنیٹ سروس بند کرنے کی وجوہات بتانے سے انکار کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان انفارمیشن کمیشن کی جانب سے معلومات کی فراہمی کی درخواست پر وزارت داخلہ نے قومی سلامتی کا حوالہ دیتے ہوئے مذکورہ معلومات کو کلاسیفائیڈ قرار دیا۔

وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ قومی سلامتی کے پیش نظر یہ معلومات فراہم نہیں کی جا سکتیں اور یہ معاملہ رائٹ ٹو انفارمیشن قانون کے تحت استثنیٰ کا حامل ہے۔

پاکستان انفارمیشن کمیشن نے بھی وزارت داخلہ کو ان معلومات کی فراہمی سے مستثنی قرار دے دیا تاہم کمیشن کا تفصیلی فیصلہ ابھی جاری نہیں ہوا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ وفاقی حکومت کی ہدایات پر عمل کرتی ہے اور قومی سلامتی یا سیکیورٹی کے تحت سروسز معطل کی جاتی ہیں۔

پی ٹی اے نے اس بات کی تصدیق کی کہ عام انتخابات کے دوران وزارت داخلہ کے احکامات پر موبائل اور انٹرنیٹ سروسز بند کی گئی تھیں۔