سکھر: پیپلز ہاکی اسٹیڈیم میں ڈیفنس ہاکی ٹورنامنٹ کا افتتاح

81

سکھر (نمائندہ جسارت) یوم دفاع کے موقع پر صوبائی وزیر برائے کھیل و اُمور نوجوانان سردار محمد بخش مہر نے پیپلز ہاکی اسٹیڈیم میں 2 روزہ ڈیفنس ڈی ہاکی ٹورنامنٹ کا افتتاح کر دیا۔ کمشنر سکھر فیاض حسین عباسی، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر ایم راجہ دھاریجو، ڈائریکٹر اسپورٹس میر محمد کلہوڑو، سکھر ہاکی ایسوسی ایشن کے عہدیداران اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے افتتاحی تقریب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا کہ ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی بچیوں اور بچوں کو قومی اور عالمی سطح پر نمائندگی کرنے کے لیے محکمہ کھیل سندھ اسپانسر کرے گا، انہوں نے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والے تمام کھلاڑیوں کو اسپورٹس کٹس بھی فراہم کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہاکی ہماری پہچان تھی، ہم ہاکی کی بحالی کے لیے کوششیں کر رہے ہیں، صرف سندھ حکومت ہاکی فیڈریشن کو سالانہ 10 کروڑ روپے کی گرانٹ دے رہے ہیں، ہاکی میں ہمارے کھلاڑیوں نے عالمی سطح پر خود کو منوایا ہے، خواہش ہے کہ پاکستان میں ہاکی کا عروج واپس آئے۔ انہوں نے کہا کہ سکھر کے بچوں اور بچیوں میں بہت ٹیلنٹ ہے، آپ سب پر ذمہ داری ہے کہ ہاکی میں ایک مرتبہ پھر اپنا اور اپنے ملک کا نام عالمی سطح روشن کریں، چاہتے ہیں کہ ارشد ندیم کی طرح ہاکی میں بھی دوبارہ اولمپک گولڈ میڈل حاصل کریں۔