کراچی(کامرس رپورٹر)ہائی کیو فارما کے چیف ایگزیکٹو عاطف اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی بار ، ہیلتھ اینڈ ویلنیس ایکسپو کا انعقاد خوش آئند ہے جس میں نجی اسپتالوں، کلینک ایسوسی ایشنز، فارما انڈسٹریز ، لیبارٹریز اور ہیلتھ موبائل سروسز کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں اپنے اسٹال لگائے جس کے ذریعے عوام بالخصوص مریضوں کی بہتر صحت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی ہیں۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں منعقدہ ہیلتھ اینڈ ویلنیس ایکسپو کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے عاطف اقبال نے مزید کہا کہ اس طرح کے ایکسپو میں طب کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے دیگر اداروں کو بھی نہ صرف حصہ لینا چاہئے بلکہ خود بھی ایسی تقریبات کا انعقاد کرنا چاہئے۔ اس موقع پر انہوں نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ عوام میں صحت کے حوالے سے شعور و آگہی کیلئے ایسے پروگراموں میں خود بھی شرکت کریں اور اپنے متعلقین کو بھی اس کے بارے میں بتائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ معلوم ہوسکے کہ کون سے ہسپتال میں اس طرح کی طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔