راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فتنہ الخوارج کے خاتمے تک پاک فوج اور سیکورٹی ادارے آپریشن جاری رکھیں، ہم دہشت گردی کا سر مکمل طور پر کچلنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔جنرل ہیڈ کوارٹر (جی ایچ کیو)راولپنڈی میں یوم دفاع و شہدا کی مرکزی تقریب سے بطورمہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ گالی یا گولی کسی مسئلے کاحل نہیں اور قوموں کی تقسیم ملکی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرتی ہے۔انہوں نے کہاکہ یوم دفاع پاکستان کی قومی شناخت کا عظیم حوالہ ہے ،شہدا نے وطن کی آزادی اور تحفظ کے لیے جان کا نذرانہ پیش کیا، وطن کی خاطرجان قربان کرنے والوں کوجتنابھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے،اس دن افواج پاکستان نے دشمن کے ارادے خاک میں ملادیے تھے، افواج پاکستان کے شیر سمندر، فضا اور زمین پر اقبال کے شاہین بن کر جھپٹے، لاہور جم خانہ میں چائے پینے کا خواب دیکھنے والا دشمن فرار ہوگیا۔ان کا کہنا تھاکہ پاکستان ہم سب کا ہے، اس کی حفاظت، ترقی وخوشحالی ہم سب کی ذمے داری ہے، ناقابل تسخیر دفاع ہماری اولین ضرورت ہے، پاکستان امن پسند ملک ہے، کسی ہمسائے کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا، دہشت گردی، بدامنی کے خاتمے اور خطے کے امن کے لیے پاکستان نے ہمیشہ مثبت کردار ادا کیا۔شہباز شریف کا کہنا تھاکہ اظہار رائے کی آزادی جمہوری معاشرے میں ہر شہری کا حق ہے، قوموں کی تقسیم ملکی سلامتی کے لیے خطرات پیدا کرتی ہے، پاکستان کی خاطر ذاتی مفادات اور خواہشات کو قربان کریں۔