اسحاق ڈار کی برطانوی سیکرٹری شبانہ محمود سے ملاقات‘باہمی تعلقات پر گفتگو

36

لندن (اے پی پی) نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاک برطانیہ شراکت داری کو مضبوط بنانے میں1.7 ملین برطانوی پاکستانیوں کے کردار کو سراہا ہے۔ نائب وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار لارڈ چانسلر اور برطانیہ کی سیکرٹری آف اسٹیٹ فار جسٹس شبانہ محمود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شبانہ محمود اس عہدے پر فائز ہونے والی پہلی مسلم خاتون ہیں۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے لارڈ چانسلر شبانہ محمود کو ان کے تاریخی تقرر پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی کامیابی تمام مسلمانوں بالخصوص پاکستانیوں کے لیے باعث فخر ہے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ وہ لارڈ چانسلر کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں تاکہ دونوں ملکوں کے لوگوں کے مفاد کے لیے پاک برطانیہ کے درمیان خصوصی تعلقات کو مضبوط کیا جاسکے۔ انہوں نے لارڈ چانسلر کو باہمی طور پر دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ لارڈ چانسلر شبانہ محمود نے تہنیتی پیغام پر نائب وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ متحرک پاکستانی برطانوی کمیونٹی دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔