فتنۃ الخوارج کے خاتمے تک پاک فوج  اور سیکورٹی اداروں کی کارروائیاں جاری رہیں گی، وزیراعظم

192

راولپنڈی:وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ فتنۃ الخوارج  کو ختم کرلینے تک پاک فوج اور سیکورٹی اداروں  کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔

یوم دفاع اور شہدا کے حوالے سے  جی ایچ کیو میں ہونے والی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ یوم دفاع پاکستان اور ہماری قومی شناخت کا ایک عظیم حوالہ ہے، یہ دن ان تمام شہدا کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے اپنے وطن کی آزادی اور تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان جان نثاروں کو جتنا بھی خراج عقیدت پیش کیا جائے کم ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ یہ دن ہماری اس قومی حمیت کی یاد دلاتا ہے، جس سے سرشار ہو کر عظیم قوم نے طاقت کے زعم میں مبتلا دشمن کے مذموم ارادے خاک میں ملا دیے تھے۔ لاہور جیم خانہ میں چائے پینے کا خواب دیکھنے والا دشمن اسلحہ پھینک اس سے بھی زیادہ تیزی سے فرار ہوگیا تھا، جس رفتار سے اس نے پاکستان کی سرحدوں کو عبور کرنے کی فاش غلطی کی تھی۔ ملٹری میوزیم میں موجود شرم ناک فرار کے ثبوت ہماری آئندہ نسلوں کو افواج اور قوم کے بے مثال اتحاد اور فتح کی یاد دلائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں ان عظیم ماؤں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنے لخت جگر اس وطن پر نثار کردیے اور اپنی عظیم ماؤں کی آنسو کی قسم کھا کر کہتا ہوں کہ ہم ان کے بہادر بیٹوں کی قربانی ہر گز رائیگاں نہیں جانے دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ فتنۃ الخوارج کے خاتمے تک پاک فوج اور سیکورٹی اداروں کی  کارروائیاں جاری رہیں گی۔