اسلام آباد: نیپرا نے بجلی کی قیمت میں ایک روپے 37 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی، جس کے تحت سہ ماہی اور فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کی جائے گی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 1.75 روپے فی یونٹ اضافے کی منظوری کرکے فیصلہ وفاقی حکومت کو ارسال کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ ستمبر، اکتوبر اور نومبر کے بلز میں وصول کی جائے گی اور 24-2023 کی تیسری سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ 0.93 روپے فی یونٹ اگست میں ختم ہو جائے گی اور نیپرا نے کہا کہ ستمبر کے بلوں میں سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 0.82 روپے کا اضافہ ہو گا۔
نیپرا نے بتایا کہ اتھارٹی نے جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 37 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری بھی دے دی ہے اور اس حوالے سے درخواست پر سماعت 28 اگست 2024 کو کی تھی اور یہ ریلیف ستمبر کے بلوں میں دی جائے گی۔
اس سے قبل جون کی فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ2 روپے 56 پیسے اضافے کے ساتھ اگست کے بلوں میں وصول کیا گیا تھا۔اس طرح ستمبر کے بلوں میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 2 روپے93پیسے کی کمی ہو گی تاہم دونوں ایڈجسٹمنٹ ملا کر صارفین کو ستمبر کے بلوں میں 2 روپے 11 پیسے فی یونٹ کا ریلیف ملے گا۔